بیجنگ (شِنہوا) چین نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اور تشدد میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ پرسکون رہیں، تحمل کا مظاہرہ کریں اور شہریوں کے تحفظ اور صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچانے کے لئے فوری طور پر دشمنی ختم کریں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بات غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور فلسطینی مسلح گروپس کے درمیان شدید تنازع بارے اپنے ردعمل میں کہی۔ اس تصادم میں دونوں اطراف سے بڑے پیمانے پر لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ تنازع کا دوبارہ ابھرنا ایک بار پھر ظاہر کرتا ہے کہ قیام امن کی کوششوں میں طویل تعطل برقرار نہیں رہ سکتا۔ اس تنازع سے نکلنے کا بنیادی راستہ دو ریاستی حل پر عملدرآمد اور فلسطین کی ایک آزاد ریاست کے قیام میں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو فوری طور پر کام کرنے ، مسئلہ فلسطین پر توجہ مرکوز کرنے اور فلسطین۔ اسرائیل امن بات چیت کی جلد بحالی میں سہولت فراہم کرنے اور پائیدار امن لانے کا راستہ تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چین اس مقصد کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ ملکر کام کرتا رہے گا۔