منیلا (شِنہوا) فلپائن میں اختتام ہفتہ متعدد علاقوں میں شدید بارش اور سیلاب سے کم از کم 6 افراد ہلاک ہو ئے اور 19 دیگر لاپتہ ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ کونسل نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ مرکزی لوزون جزیرے پر بیکول علاقے میں 2 جبکہ فلپائن کے جنو بی علا قے شمالی مینڈاناؤ میں 4 افراد ہلاک ہوئے۔
لاپتہ افراد بارے ایجنسی نے کہا ہے کہ 10 افراد کا تعلق بیکول علاقے سے ہے، جبکہ 3 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ملی ہے۔
ایجنسی نے بتایا کہ سیلاب سے 5 علاقوں خاص طور پر فلپائن کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں 1 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے نکالے گئے تقریباً 45 ہزار افراد نے کرسمس کی تعطیلات 27 سرکاری پناہ گاہوں میں گزاریں جبکہ باقی کا قیام رشتہ داروں کے ساتھ رہا۔
نیشنل ڈیزاسٹررسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ کونسل نے مزید کہا کہ شدید بارش اور سیلاب سے تقریباً 50 مکانات کو یا تو مکمل طور پر یا جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ سیلاب نے کم از کم 14 سڑکوں کو بھی ناقابل رسائی بنا دیا ہے۔
پیر کو ریاستی موسمیاتی بیورو نے خبردار کیا کہ فلپائن کے وسطی اور جنوبی علا قوں میں درمیانی اور شدید بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام اور سرکاری اداروں پر زوردیا ہے کہ وہ جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔