منیلا(شِنہوا) سمندری طوفان گیمی سے ہونے والی مون سون بارشوں سے فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے مختلف حصوں میں سیلاب آ گیا،جس کے بعد میٹرو کونسل نے دارالحکومت میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔سمندری طوفان سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
کچھ علاقوں میں سات فٹ گہرے پانی کے ساتھ وسیع علاقے میں آنے والے سیلاب کی وجہ سے خلیج منیلا اور دریاؤں کے قریب آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل اور اسکولوں اور دفاترکو بند کر دیا گیا ہے۔
دارالحکومت کے علاقے کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے حکام نے ملک کے وسطی اور جنوبی ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ پولیس کے مطابق سمندری طوفان سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ منیلا کے جنوب میں واقع باتانگاس صوبے کے اگونسیلو قصبے میں لینڈ سلائڈنگ سے چار افراد ہلاک ہوئے۔ ایک شخص باتانگاس صوبے کے ناسوگبو قصبے میں تیز ہواؤں اور شدید بارش سے درخت گرنے سے جبکہ منیلا سٹی میں ایک اور شخص بجلی کا کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو گیا۔