منیلا (شِنہوا) فلپائن میں بدھ کو رات گئے 200 سے زائد افراد کو لے جانے والی ایک کشتی میں آتشزدگی سے کم از کم 10 مسافر ہلاک ہو گئے۔
جنوب مغربی منڈاناؤ میں فلپائن کوسٹ گارڈ ڈسٹرکٹ کے کمانڈر کموڈور مارکو انتونیو گینس نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق بدھ کی شب 10 بجے کے قریب صوبہ باسلان کے حاجی محمد قصبے میں بالوک۔بالوک جزیرے کے قریب جہاز میں آ تشزدگی ہوئی۔ یہ مسافر اور مال برداربحری جہاز ایم/ وی لیڈی میری جوئے 3 زمبوانگا شہرسے جولو جا رہا تھا۔
صوبہ باسلان میں قدرتی آفات میں کمی و انتظام کے دفتر کے سربراہ نکسن الونزو نے ایک مقامی ریڈیو کو بتایا کہ حکام نے سمندر میں چھلانگ لگانے والے 7 مزید مسافروں بارے تصدیق کی ہے جو کہ لاپتہ ہیں۔ کم از کم 195 مسافروں اور عملے کے 35 ارکان کو بچا لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امدادی کارکنوں کو کشتی سے 4 لاشیں ملی ہیں جبکہ 6 لاشیں سمندر سے نکالی گئی ہیں۔
الونزو نے کہا کہ مسافروں کی اموات پانی میں چھلانگ لگاکر ڈوبنے سے ہوئیں جبکہ کچھ جھلس گئے۔
حاجی محمد کی میئر ارسینا کاہنگ نانوہ نے بالوک ۔ بالوک جزیرے کے ساحل پر جہاز کی تصاویر اور بچائے گئے کچھ مسافروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں۔
حکام آتشزدگی کی وجوہات بارے معلوم کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطا بق آگ جہاز کے ائیرکنڈیشنڈ کیبن سے شروع ہوئی تھی۔ آگ لگنے کے وقت بیشتر مسافر سورہے تھے۔
فلپائن کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ اس نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مدد کے لیے اہلکاروں اور اپنے جہازوں کو تعینات کردیا ہے۔