منیلا(شِنہوا) فلپائن اورامریکہ کی مشترکہ فوجی مشقیں پیرکو شروع ہوگئی ہیں جن کا مقصدمشترکہ حکمت عملی کی تیاری میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
فلپائنی بحریہ کےقائم مقام سربراہ ریئر ایڈمرل برنارڈ ویلنسیا کے مطابق 12 روزہ سالانہ کمان داگ 6 مشقوں میں 630 فلپائنی فوجی،جن میں زیادہ تعداد میں میرینزاور امریکی بحریہ کے 2ہزار 550 فوجی حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جاپان اور جنوبی کوریا فوجی مبصر کے طور پر مشقوں میں شریک ہیں۔ مشقوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریئر ایڈمرل برنارڈ ویلنسیا نے کہا کہ رواں سال کی مشقیں ، میٹرو منیلا کے مختلف تربیتی مقامات ،پورے لوزون جزیرے اور صوبہ پلوان میں کی جارہی ہیں،جن میں بین الاقوامی جرائم، انسداد دہشت گردی اور دیگر غیر روایتی حفاظتی کردارادا کرنے پر توجہ مرکوز ہے۔
مشقوں کے امریکی ڈائریکٹر ریئر ایڈمرل ڈیرک ٹرنک نے کہا کہ اس سال کی مشقوں میں ساحلی دفاع، ایمفیبیئس آپریشنز اور لائیو فائر ٹریننگ کو شامل کیا جائے گا۔