سووا(شِنہوا)فجی میں آئندہ 4 سال کیلئے ایک نئی حکومت تشکیل دی جائیگی کیونکہ حزب اختلاف کی جماعتوں میں سے ایک سوشل ڈیموکریٹک لبرل پارٹی(سوڈیلپا) نے پیپلز الائنس(پی اے) اور اس کی شراکت دار نیشنل فیڈریشن پارٹی(این ایف پی) کے ساتھ ملکر مخلوط حکومت کیلئے کام کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
فجی براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق سوشل ڈیموکریٹک لبرل پارٹی کے عہدیداروں نے مخلوط حکومت کی تشکیل کی خاطر تعاون کیلئے پیر کی سہ پہر پیپلز الائنس اور نیشنل فیڈریشن پارٹی سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔ سوشل ڈیموکریٹک لبرل پارٹی کے منگل کو منعقدہ انتظامی بورڈ اجلاس کے دوران ایک خفیہ رائے شماری میں 16 ممبران نے پیپلز الائنس اور اسکی شراکت دار نیشنل فیڈریشن پارٹی سے اتحاد کیلئے ووٹ دیا جبکہ 14 بورڈ ممبران نے ویریچی بینی ماراما کی زیرقیات فجی فرسٹ پارٹی(ایف ایف پی) کے حق میں ووٹ دیا۔
گزشتہ بدھ کو منعقد ہونیوالے رواں سال کے عام انتخابات میں ایف ایف پی نے 26 ، پی اے نے 21،اسکی شراکت دار این ایف پی نے 5 اور سوڈیلپا نے 3 نشستیں حاصل کی ہیں۔
فجی کے انتخابی نظام کے تحت اگر کوئی پارٹی 55 رکنی پارلیمان میں 28 یا اس سے زیادہ نشستیں جیت لیتی ہے تو وہ حکومت بنا سکتی ہے۔ ایف ایف پی 2014ء سے برسراقتدار تھی لیکن اس بار پارٹی پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
پی اے اور این ایف پی الیکشن سے قبل ہی اتحاد کر چکی ہیں۔ اس طرح نئی مخلوط حکومت کے پاس پارلیمنٹ میں 29 نشستیں ہوں گی۔