ہانگ کانگ (شِںہوا) جنوبی بحرالکاہل کا ملک فجی آئندہ 2 دہائی کے دوران چین کے تعاون سےچاول میں خود کفالت حاصل کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔
ہانگ کانگ سے شائع ہونے والے انگریزی اخبار ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق فجی میں چاول کی کاشت کا نیا جوش و خروش نوول کرونا وائرس وبا کے سبب پیدا ہوا۔ اس دوران سپلائی چین میں خلل پڑا جس کے بعد یہ واضح ہوا کہ بنیادی اناج کی درآمدات کے انحصار سے غذائی تحفظ خطرے میں پڑسکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین کی فجی کے لئے چاول کی ترقیاتی امداد کا مقصد نئے اعلیٰ نسل کے بیجوں اور ٹیکنالوجی پر مبنی چاول کاشت کرنے کی تکنیک کا استعمال ہے تاکہ ان مسائل پر قابو پایا جاسکے۔
رپورٹ کے مطابق جنوری 2015 سے اب تک چین نے فجی میں چاول کی 5 مقامی اقسام کی دوبارہ کاشت میں مدد کی ہے اور چاول کی 16 چینی اقسام متعارف کرائی ہیں۔ اس کے علاوہ چین نے 4 ہزار سے زائد مقامی زرعی عہدیداروں اور کاشتکاروں کو بھی تربیت فراہم کی ہے۔
رپورٹ میں چینی زرعی ٹیکنیشن چھن ہوا زاؤ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ چاول کی کاشت کے مشینی طریقوں سے فجی کی زرعی صنعت کو ٹیکنالوجی پر مبنی شعبے میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی اور اس طرح فجی زیادہ سے زیادہ نوجوان کو کاشتکاری پر راغب کر جاسکے گا۔
چھن نے کہا کہ اعلیٰ پیداوار اور اعلیٰ معیار کے چاول کی اقسام کا استعمال اور سائنسی کاشت جیسے اقدامات سے اعلیٰ پیداوار دینے والے چاول کاشت کئے جاسکتے ہیں تاکہ فجی میں چاول کے زیادہ سے زیادہ کاشتکار اس سے مستفید ہوسکیں۔