بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے گزشتہ روز بیجنگ میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ چین اورپاکستان پہاڑوں اور دریاؤں سے آپس میں جڑے ہوئے اچھے پڑوسی اور ہراچھے برے وقت کے ساتھی، ایک دوسرے کے مددگار، اچھے شراکت دار اور ایک دوسرے کے غم اور پریشانی میں شریک اچھے بھائی ہیں،صدرشی نے کہا کہ چین پاکستان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری مسلسل مستحکم ہوئی جسے مضبوط داخلی قوت اور ترقی کے وسیع امکانات کے ساتھ ٹھوس عوامی حمایت حاصل ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ ایک دوسرے کی مستحکم حمایت، تعاون کومضبوط بنانے،سٹریٹجک کوآرڈینیشن کوگہرا کرنے، نئے دور میں ہم نصیب مستقبل کے ساتھ مزید قریبی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیرکو تیزاور علاقائی امن، استحکام،ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے گفتگو میں صدرشی نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور پاکستان کے درمیان ہمیشہ سے فولاد کی طرح مضبوط دوستی کا راز دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، بھرپور اعتماد اور مضبوط حمایت میں مضمر ہے۔ انہوں نے چین کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات سے متعلقہ امور پر طویل المدتی اورمضبوط حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ صدر شی نے کہا کہ چین ہمیشہ کی طرح قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ، قومی حالات کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن رہنے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی پرعزم طور پرحمایت جاری رکھے گا۔ صدرشی نے کہا کہ چین پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو فروغ دیتے ہوئے مقامی حالات کے مطابق زراعت، کان کنی اور سماجی زندگی کے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھائے گا،چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی اعلیٰ معیار کی ترقی کومزید مستحکم اورٹھوس بناتے ہوئے پاکستان کی اقتصادی اور سماجی ترقی کو فروغ دینے میں مدد کرے گا۔