تہران(شِنہوا) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے اپنے چین کے سرکاری دورے کو انتہائی کامیاب اور نتیجہ خیز قرار دیا ہے۔ایرانی صدر کے دفتر کی ویب سائٹ کے مطابق رئیسی نے اپنے بیجنگ دورے سے تہران واپس پہنچنے پر صحافیوں سے خطاب میں چینی رہنماں کے ساتھ ملاقاتوں کے حوالے سے کہا کہ دونوں ممالک کے رابطے کی سٹریٹجک سطح نے دو طرفہ بات چیت کو ایک سٹریٹجک پہلو دیا ہے تاکہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے امور کو آگے بڑھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ایران کی خارجہ پالیسی پڑوسیوں میں اعتماد اور ایشیا میں اقتصادی ہم آہنگی پیدا کرنے پر مبنی ہے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ انکا چین کا دورہ ایران کے لیے علاقائی اور عالمی اقتصادی اور تجارتی مسائل کے میدان میں موثر کردار ادا کرنے کے لیے بہت اہم تھا کیونکہ چین دنیا کی سب سے بڑی معیشتوں میں سے ایک ہے جو ایشیا اور بین الاقوامی سطح پر تجارت کے میدان میں اہم کردارکا حامل ہے۔ایرانی صدر نے کہا کہ اس دورے کے مذاکرات کا ایک اور موضوع بین الاقوامی اداروں میں ایران اور چین کے درمیان تعاون سے متعلق ہے۔انکے اس دورے کے دوران دونوں فریقوں نے مختلف سطحوں پر متعدد ملاقاتیں اور مذاکرات کئے جبکہ رئیسی نے چینی کاروباری عہدیداروں کے ساتھ ساتھ چینی دانشوروں اور ماہرین تعلیم سے بھی ملاقاتیں کیں جنہیں انہوں نے "اہم" اور "موثر" قرار دیا۔رئیسی تین روزہ سرکاری دورے پر منگل کو چین پہنچے تھے۔