کابل(شِنہوا)افغانستان نے کہاہے کہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دوحہ مذاکرات کا حالیہ تیسرا دور نتیجہ خیز رہاہے۔
سرکاری خبر ایجنسی باخترکے مطابق دوحہ مذاکرات میں افغان وفد کے سربراہ اورامارت اسلامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دوحہ میں منعقدہ تیسرے اجلاس کو شاندار کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کا موقف تمام شریک ممالک تک پہنچایا گیا ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پیر کو ختم ہونے والے دو روزہ اجلاس کے دوران 25 سے زائد ممالک کے مندوبین نے افغانستان سے متعلق مختلف امور بشمول منشیات کی روک تھام، نجی شعبے کی مدد،افغان بینکنگ سسٹم پر سے پابندیاں ہٹانے اورکابل حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔
سرکاری میڈیا نے مجاہد کے حوالے سے بتایا کہ افغانستان کو نجی شعبے سے تعاون، منشیات کے خلاف جنگ اور متبادل ذرائع معاش کے شعبوں میں ان ممالک سے تعاون کی ضرورت ہے اور اجلاس میں زیادہ تر ممالک نےاس حوالے سے تعاون پر آمادگی کا اظہار کیا۔