اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ عالمی سمجھوتہ کرنا ہر ملک کے مفاد میں ہے۔
انتونیو گوتریس نے یہ بات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ایک ہفتے پر مشتمل 78ویں اعلیٰ سطحی اجلاس سے قبل منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہی۔
18 ستمبر سے عالمی رہنما اور مندوبین اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور تقریبات کے سلسلے میں شرکت کے لیے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں جمع ہوں گے۔
گوتریس نے کہا کہ عالمی رہنماؤں سے میری اپیل واضح ہو گی کہ یہ ایک دوسرے کے خلاف صف آراء ہونے ، اختلافات میں پڑنے ، بے حسی اور فیصلے نہ کرنے کا وقت نہیں ہے بلکہ یہ حقیقی اور عملی حل کے لیے اکٹھے ہونے کا وقت ہے اور یہ ایک بہتر کل کے لیے سمجھوتہ کرنے کا وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست ، سفارتکاری اور موثر قیادت سمجھوتہ ہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ پرمشتمل اعلیٰ سطحی اجلاس دنیا کے ہر کونے سے آنے والے رہنماؤں کے لیے ہر سال ایک موقع ہوتا ہے تاکہ نہ صرف دنیا کی حالت کا اندازہ لگایا جا سکے بلکہ مشترکہ بھلائی کے لیے کام کیا جا سکے اور دنیا کو اب عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ایک تقریب کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس (پیچھے) امن کی گھنٹی بجا رہے ہیں۔(شِنہوا)
انتونیو گوتریس نے کہا کہ عالمی رہنما ایک ایسے وقت میں جمع ہو رہے ہیں جب انسانیت کو بگڑتی ہوئی ماحولیاتی ہنگامی صورتحال سے لے کر بڑھتے ہوئے تنازعات، عالمی لاگت کے بحران، بڑھتی ہوئی عدم مساوات اور ٹیکنالوجی کی ڈرامائی رکاوٹوں تک بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ اس بحران سے نکلنے کے لیے اپنے رہنماوں کی طرف دیکھ رہے ہیں تاہم جغرافیائی سیاسی تقسیم ہماری ردعمل کی صلاحیت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔