یروشیلم(شِنہوا) اسرائیلی محققین نے جسم میں ایک ایسے پہلو کا پتہ لگا یا ہے جو دل کے دورے کا تعلق کینسر سے جوڑتا ہے۔
یہ بات تل ابیب یونیورسٹی (ٹی اے یو) اور اسرائیل کینسر ایسوسی ایشن نے ایک مشترکہ بیان میں کہی ہے۔
سرکولیشن جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مایوکارڈیل انفرکشن کے بعد،جسے عام طور پر دل کا دورہ پڑنے کے نام سے جانا جاتا ہے،دل کے ذریعے خون کی گردش میں چھوٹے ایکسٹرا سیلولر ویسیکلز بڑی مقدار میں خارج ہوتے ہیں۔
جھلی سے لپٹے ہوئے ویسیکلز دل کے زخمی خلیوں کومندمل کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تاہم ٹی اے یو اور اسرائیل کے شیبا میڈیکل سینٹر کی سربراہی میں ٹیم نے چوہوں پر کیے گئے تجربات میں پایا ہےکہ یہ ویسیکلز جو نشوونما کے ہزاروں مختلف عوامل پر مشتمل ہوتے ہیں، وہ قوت مدافعت کے نظام کو متاثر کرتے ہیں اور پورے جسم میں کینسر کے خلیوں کی نشوونما کی حوصلہ افزائی کا باعث بن سکتے ہیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ یہ دریافت کینسر کے بڑھتے ہوئے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے دل کی بیماری کے علاج کو بہتر بنا نے میں مدد دے سکتی ہے۔