• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

داعش کے سینئر رکن کوگرفتار کر لیا گیا ، ترک صدرتازترین

September 09, 2022

انقرہ(شِنہوا)ترک صدررجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ہماری سیکورٹی فورسز نے داعش کے ایک سینئر ایگزیکٹو کو گرفتار کر لیا ہے۔

نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو نے بتایا کہ ترک پولیس اور انٹیلی جنس نے ابوزید اور ماسٹر زید کے نام سے مشہور بشار حاطب غزال السمیدائی کو گرفتار کر لیا ہے۔

رجب طیب ایردوان نے کروشیا سے واپسی پر صدارتی طیارے میں صحافیوں کو بتایا کہ بین الاقوامی رپورٹس اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رپورٹ میں یہ معلومات بھی موجود ہیں کہ یہ شخص دہشت گرد تنظیم داعش (آئی ایس) کے اعلیٰ عہدیداروں میں سے ایک ہے۔ تفتیش کے دوران اس نے بیان دیا ہے کہ وہ داعش کی نام نہاد وزارت تعلیم اور وزارت انصاف میں نام نہاد "قاضی" تھا۔

رجب طیب ایردوان نےکہا کہ ایک طویل عرصے تک شام اور استنبول میں اس کے روابط کی تحقیقات کی گئیں اور اس کے غیر قانونی طور پر ترکی میں داخل ہونے سے متعلق خفیہ معلومات حاصل ہوئیں۔

ایردوان نے کہا کہ السمیدائی خود کو چھپانے کیلئے روپ بدل کر ایک جعلی شناخت کا استعمال کر رہا تھا۔

ترک صدر نے کہا کہ ابو بکر البغدادی اور عبدالناصر قرداش کے بعد ابو زید گروہ کے اہم ترین رہنماؤں میں سے ایک ہے۔