چھونگ چھنگ (شِنہوا) چین کی جنوب مغربی چھونگ چھنگ بلدیہ کی غیر ملکی تجارت سال 2022 کے پہلے 9 ماہ کے دوران گزشتہ سال کے مقابلے میں 8.5 فیصد بڑھ کر 625.95 ارب یوآن (تقریباً 87.3 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی ہے ۔
چھونگ چھنگ شہر کے کسٹم حکام کے مطابق اس عرصہ کے دوران برآمدات گزشتہ سال کی نسبت 11.5 فیصد بڑھ کر 407.45 ارب یوآن ہو گئیں جبکہ درآمدات 3.3 فیصد بڑھ کر 218.5 ارب یوآن تک پہنچ گئی ہیں ۔
جنوری سے ستمبر تک چھونگ چھنگ میں غیر ملکی سرمایہ کاری والے اداروں کی درآمدات اور برآمدات 294.24 ارب یوآن تک پہنچ گئیں جو کہ گزشتہ سال کی نسبت 8.2 فیصد زیادہ ہیں۔
نجی اداروں کی درآمدات اور برآمدات 283.5 ارب یوآن تک پہنچ گئیں جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 12.7 فیصد زیادہ ہے۔
اس عرصہ کے دوران جنوب مشرقی ایشیائی ملکوں کی ایسوسی ایشن، یورپی یونین اور امریکہ کے ساتھ چھونگ چھنگ کی غیر ملکی تجارت میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں بالترتیب 1.8 فیصد، 4 فیصد اور 3.1 فیصد اضافہ ہوا ۔
دریں اثنا،علاقائی جامع اقتصادی شراکت داری کے دیگر رکن ملکوں کے ساتھ اس بلدیہ کی تجارت میں گزشتہ سال کی نسبت 12.8 فیصد اضافہ ہواجبکہ بیلٹ اینڈ روڈ کے ساتھ واقع ملکوں کے ساتھ اس کی تجارت میں گزشتہ سال کے مقابلےمیں 6.9 فیصد اضافہ ہوا۔