سڈنی(شِنہوا) چین کی پہلی طبی ٹیم نے سولومن جزائر کے مغربی صوبے کے دارالحکومت گیزو میں لوگوں کو صحت کی مفت خدمات فراہم کی ہیں۔ یہ چینی ٹیم کی جانب سے اس ملک میں اپنی آمد کے بعد کی جانے والی تیسری مفت طبی سرگرمی ہے۔
طبی ٹیم نے گیزو ہسپتال کے تعاون سے ہسپتال کے مشاورتی کمروں اور راہداریوں کو کام میں لاتے ہوئے ایک عارضی کلینک قائم کیا۔
ٹیم میں شامل عمومی امراض کے ایک معالج ، گُردوں کے امراض کے ایک ماہرڈاکٹر اور روایتی چینی ادویات اور آ کو پنکچر میں مہارت رکھنے والے ایک معالج نے 102 مقامی باشندوں کو لگاتار 6 گھنٹے تک تشخیص اور علاج کی سہولت دی۔ دونوں ملکوں کے طبی عملے نے طبی خدمات کی فراہمی میں ان کو مدد فراہم کی۔
مغربی صوبے کے لئے صحت کے ڈائریکٹر ڈکسن بوارا نے کہا کہ چینی طبی ٹیم نے گیزو کے لوگوں کی اعلیٰ معیار کی طبی دیکھ بھال کی فراہمی کی اشد ضرورت کو پورا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے انہیں وقت اور رقم کی بہت زیادہ بچت میں بہت مدد ملی ہے۔
بوارا نے واضح کیا کہ چینی ٹیم کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی تربیت نے مقامی طبی عملے کی استعداد کار کو بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں جانب کی مشترکہ کوششوں کی بدولت گیزو کی طبی صورتحال اور مقامی لوگوں کے اطمینان میں خاطر خواہ بہتری ہو ئی ہے۔
چینی طبی ٹیم نے ذیابیطس پر مبنی ایک لیکچر کا بھی اہتمام کیا جس میں مقامی طبی عملے کے ساتھ ساتھ اس بیماری، متعلقہ روک تھام اور صحت کے انتظام کے بارے میں معلومات شریک کی گئیں۔