لندن(شِنہوا)برطانیہ میں چینی سفارتخانے کے ترجمان نے متعلقہ برطانوی سیاست دانوں پر زور دیا ہے کہ وہ چین کے اندرونی معاملات اور ہانگ کانگ کے معاملات میں مداخلت بند کریں۔
برطانیہ کے سیکرٹری خارجہ جیمز کلیورلی اور دیگر برطانوی سیاست دانوں کی جانب سے ہانگ کانگ ایس اے آر پولیس پر چین مخالف 8 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے الزامات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک بیان جا ری کیا گیا۔
اس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے متعلقہ برطانوی سیاست دانوں پر زور دیا کہ وہ چین کی خودمختاری اور سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے لیےان چین مخالف تخریب کاروں کا استعمال بند کریں۔
ترجمان نے کہا کہ چینی عوام کا غیر ملکی مداخلت کی مخالفت کرنے اور اپنے مفادات کے تحفظ کا پختہ اور غیر متزلزل عزم ہے۔
ترجمان نے کہا کہ برطانوی سیاستدانوں نے ہانگ کانگ کے قانون کی حکمرانی اور چین کے اندرونی معاملات میں کھل کر مداخلت کرتے ہوئے مطلوب افراد کے حق میں عوامی طور پر بات کی۔ چین اس کی سخت مذمت کرتا ہے اور اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مطلوب افراد چین مخالف قوتوں کا ایک چھوٹا سا گروپ ہے جو ہانگ کانگ میں مجوزہ قانون سازی کی ترامیم پر ہنگامہ آرائی کو ہوا دینے کے بعد بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔
گروپ کے اراکین علیحدگی کو ہوا دے رہے ہیں اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں جن کا مقصد ہانگ کانگ میں خلل ڈالنا ہےجس سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ہانگ کانگ ایس اے آر حکومت نے قومی سلامتی کے قانون اور متعلقہ مقامی قوانین کے مطابق وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
یہ آئینی اور قانونی ہے اور عوام کی مرضی کے مطابق ہے۔ یہ ہانگ کانگ میں قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لئے ایک منصفانہ اقدام ہے اور چین کی قومی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لئے ضروری اقدام ہے۔