• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 13th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چینی صدر کو مساوی عالمی حکمرانی کے لئے برکس رہنماؤں کے ساتھ ملکر کام کرنے کی امیدتازترین

August 23, 2023

پریٹوریا (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ وہ نئے دور میں برکس کی یکجہتی اور ترقی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنے، نتیجہ خیز برکس سربراہ اجلاس کے لئے کام کرنے اور زیادہ منصفانہ و مساوی عالمی حکمرانی کی کوشش میں دیگر برکس رہنماؤں کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں برکس ممالک نے کھلے پن، جامعیت اور باہمی تعاون کے برکس جذبے کی پاسداری کرتے ہوئے مختلف نظاموں، ثقافتوں اور خطوں سے ممالک میں مشترکہ ترقی کی ایک شاندار داستان رقم کی ہے جو جنوب۔ جنوب تعاون میں اہم ترین ہے۔

چینی صدر نے یہ بھی کہا کہ وہ برکس سربراہ اجلاس کے لئے جنوبی افریقہ کی زبردست تیاریوں کو انتہائی سراہتے ہیں۔

چینی صدرنے یہ بات جنوبی افریقہ کے سرکاری دورے میں اپنے جنوبی افریقی ہم منصب سائرل رامفوسا کے ساتھ ایک ملاقات میں کی ۔

چینی صدر 15 ویں برکس سربراہ اجلاس میں شرکت کے علاوہ چین۔افریقہ رہنماؤں کے مکالے کی رامفوسا کے ساتھ مشترکہ صدارت کریں گے۔

جنوبی افریقہ کے صدر رامفوسا نے کہا کہ آج دنیا کو جغرافیائی اور توانائی بحران سمیت متعدد سنگین اور پیچیدہ مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ سمیت عالمی جنوبی ممالک چین کے ساتھ یکجہتی اور تعاون میں استحکام کی امید رکھتے ہیں تاکہ ملکر مسائل سے بہتر انداز سے نمٹ سکیں اور زیادہ مساوی، منصفانہ اور معقول بین الاقوامی نظام کا قیام فرغ پاسکے۔

انہوں نے کامیاب برکس سربراہ اجلاس کی میزبانی میں جنوبی افریقہ سے تعاون کرنے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ کثیرالجہتی کا مضبوطی سے دفاع کرنے، عالمی حکمرانی نظام میں اصلاحات کے فروغ اور ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ میں برکس ممالک کے ساتھ ملکر کام کرنے کا خواہش مند ہے۔

چین اور جنوبی افریقہ کے صدور کے درمیان بات چیت کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریق اس بات پر متفق ہیں کہ برکس تعاون زیادہ نمائندہ اور مساوی عالمی حکمرانی نظام کے حصول اور زیادہ جامع عالمی اقتصادی ترقی آگے بڑھانے کےلئے ضروری ہے۔

اعلامیہ کے مطابق فریقین تعاون کے تینوں ستونوں میں برکس ترقی میں تعاون جاری رکھنے اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو وسیع کرنے اور برکس رکنیت میں توسیع میں پیشرفت کے لئے برکس ارکان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے پر متفق ہیں۔

اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چین رواں سال برکس چیئرمین کی حیثیت سے جنوبی افریقہ کی حمایت کرتا ، افریقہ اور عالمی جنوب تک رسائی رکھتا اور 15 ویں برکس سربراہ اجلاس کی کامیابی کے لئے نیک تمنا ئیں رکھتا ہے۔

برکس 5 ابھرتی ہوئی معیشتوں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ کا مخفف ہے۔ جنوبی افریقہ نے یکم جنوری 2023 سے برکس کی صدارت سنبھالی ہے۔