• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چینی صدر کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقاتتازترین

November 02, 2022

بیجنگ(شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔

چین کے سرکاری دورے پرموجود وزیراعظم شہبازشریف سے بدھ کو ہونے والی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر شی نے کہا کہ  چین نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو سٹریٹجک اور طویل المدتی نقطہ نظرسے دیکھا ہے اورہمسائیوں کے ساتھ  سفارت کاری میں پاکستان کو ترجیح دی ہے۔شی نے کہا کہ ان کا ملک  دوستانہ تعاون کے لیے پاکستان کے پختہ عزم اور چین کے بنیادی اوراہم خدشات سے متعلق امور پر اس کی حمایت کو سراہتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ چین قومی خودمختاری، علاقائی سالمیت، ترقیاتی مفادات اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرے گا۔ صدر شی نے کہا کہ ان کے ملک کو تباہ کن سیلاب سے متاثرہ پاکستانی عوام کے ساتھ ہمدردی ہے اوروہ  آفات کے بعد تعمیر نو میں پاکستان کی مدد کے لیے اضافی ہنگامی امداد فراہم کرے گا۔

چینی صدر نے شہبازشریف کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی 20ویں قومی کانگریس کے اہم فیصلوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چین کھلے پن کی بنیادی ریاستی پالیسی پر عمل پیرا رہتے ہوئے پاکستان اور دیگر ممالک کو چین کی نئی ترقی کے ساتھ نئے مواقع فراہم کرتا رہے گا۔  انہوں نے زور دیا کہ  دونوں ممالک چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کو زیادہ کارکردگی کے ساتھ آگے بڑھائیں۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے چین کو اعلیٰ معیار کی زرعی مصنوعات کی برآمد میں اضافے کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ  سی پی سی کی 20ویں نیشنل کانگریس کے بعد چین کا دورہ کرنے کے لیے مدعو کیے گئے اولین غیر ملکی رہنماؤں میں سے ایک ہونا  ان کے لیےاعزاز کی بات ہے جو کہ پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی کا ثبوت ہے۔