ریاض (شِنہوا ) چین کے صدر شی جن پھنگ نے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی کانفرنس سینٹر میں منعقدہ پہلے چین ۔عرب ریاستوں کے سربراہی اجلاس میں چین۔عرب عملی تعاون پر 8 بڑے اقدامات تجویز کئے ہیں۔
اس میں سب سے پہلا قدم ترقی میں تعاون کرناہے۔
عرب کے ترقیاتی تعاون میں چین 5 ارب یوآن (تقریباً 71 کروڑ 90 لا کھ امریکی ڈالرز) مالیت کے امدادی منصوبوں پر تبادلہ خیال کرے گا اور عالمی ترقیاتی انیشی ایٹو منصوبے میں عرب کے 30 منصوبے شامل کئے جائیں گے۔
چین انسانی اور تعمیر نو کے حوالے سے فلسطین ، یمن ، لبنان اور شام جیسے مما لک کو تعاون فرا ہم کر ے گا۔
چین 2027 تک عرب ریاستوں کے ساتھ اپنی تجارت کو 430 ارب ڈالرز تک بڑھانے کا خواہش مند ہے۔
دوسری تجویز غذائی تحفظ میں تعاون بارے ہے۔
عرب میں خوراک کے تحفظ کی حفاظت اور جامع زرعی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں مدد دینے کو چین تیار ہے۔
چین عرب کے ساتھ مل کر جدید زراعت کی 5 مشترکہ تجربہ گاہیں تعمیر کرے گا اور زرعی ٹیکنالوجی تعاون میں 50 مظاہرے کے منصوبوں پر کام کرے گا اور اناج کی پیداوار میں اضافے ، اناج کی کٹائی، انہیں ذخیرہ کرنے ، نقصانات میں کمی اور زرعی پیداوار کو بہتر بنانے میں مدد کے لئے زرعی ٹیکنالوجی کے 500 ماہرین کو عرب بھیجے گا۔
تیسری تجویز صحت عامہ سے متعلق ہے۔
چین صحت عامہ کے شعبے میں سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی تعاون ، ویکسین میں اختراع ، تحقیق اور ترقی میں تعاون کے لئے عرب فریق کے ساتھ ملکر کام کرنے ، عرب ریاستوں میں روایتی چینی ادویات کے 5 تعاون منصوبوں، 2 ہزار مفت موتیا سرجری اور عرب ریاستوں میں ٹیلی میڈیسن خدمات کے لئے طبی ٹیمیں بھی بھیجنے پر رضامند ہے۔
چوتھی تجویزسبز اختراع بارے ہے۔
چین خشک سالی، صحرا بندی اور زمین کی صلاحیت میں کمی بارے ایک بین الاقوامی تحقیقی مرکز قائم کرنے کے لیے عرب فریق کے ساتھ ملکر کام کرنے اور آب و ہوا کی تبدیلی میں جنوب۔ جنوب تعاون کے 5 منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تیار ہے۔
پانچویں تجویز توانائی کے تحفظ سے متعلق دی گئی ہے۔
چین ایک صاف توانائی تعاون مرکز کی تعمیر میں عرب فریق کے ساتھ ملکر کام کرنے کا خواہشمند ہے ، 50 لاکھ کلو واٹ سے زیادہ کی کل نصب شدہ صلاحیت کے ساتھ عرب ریاستوں میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں حصہ لینے کے لئے چینی توانائی کے کاروباری اداروں اور مالیاتی اداروں سے تعاون کرے گا۔
تعاون کی چھٹی تجویز تہذیبوں کے درمیان مکالمے بارے ہے۔
چین عرب ممالک کی سیاسی جماعتوں، پارلیمانوں، ذرائع ابلاغ اور تھنک ٹینکس سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار افراد کو تبادلہ پروگرام کے تحت چین مدعو کرے گا۔
چین 500 چینی و عرب ثقافتی اور سیاحتی اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دے گا اور عرب ریاستوں کے لئے ثقافت اور سیاحت میں 1 ہزار باصلاحیت افراد کو تربیت فراہم کرے گا۔
ساتویں تجویز نوجوانوں کی ترقی سے متعلق دی گئی ہے۔
چین عرب ریاستوں کے ساتھ نوجوانوں کی ترقی کا فورم منعقد کرے گا ۔ چینی اور عرب جامعات کے درمیان "10 + 10" تعاون کا منصوبہ شروع کرے گا۔
چین ، عرب ممالک کے 100 نوجوان سائنسدانوں کو سائنسی تحقیقی تبادلے، 3 ہزار نوجوانوں کو چین۔ عرب ثقافتی تبادلے اور 10 ہزار عرب باصلاحیت افراد کو غربت مکاؤ ، صحت اور ماحول دوست ترقی میں پیشہ ورانہ تربیت کے لیے مدعو کرے گا۔
اور8 ویں تجو یز تحفظ اور استحکام سے متعلق پیش کی گئی ہے۔
چین عرب کے ساتھ ملکر اپنے دفاعی محکموں اور افواج کے درمیان اسٹریٹجک مکالمے کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ فوجی یونٹس اور تعلیمی اداروں کے درمیان تبادلے مضبوط بنانے ، سمندری تحفظ ، بین الاقوامی امن اور پیشہ ورانہ تکنیک میں تعاون کو گہرا کرنے ، مشترکہ فوجی مشقوں اور تربیت کے ساتھ ساتھ اہلکاروں کی تربیت بڑھانے میں کام کرے گا۔
چین عرب ممالک کے لیے اسمارٹ پولیسنگ اور سائبر سیکیورٹی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 1 ہزار 500 اہلکاروں کو تربیت دے گا۔