ریاض(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین بحرین کے ساتھ ترقیاتی حکمت عملیوں کی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور اس کے اقتصادی ترقیاتی منصوبوں میں فعال طور پر حصہ لینے کیلئے تیار ہے۔
شی جن پھنگ نے گزشتہ روز ریاض میں بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ چین طبی اور صحت سے متعلق تعاون کو بڑھانا چاہتا ہے اور بحرین میں چینی زبان کی تعلیم کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
چین کی جانب سے قومی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ میں بحرین کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے شی جن پھنگ نے چین کے بنیادی مفادات سے متعلق مسائل پر چین کی طویل المدتی اور مضبوط حمایت پر بحرین کی تعریف کی۔
شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ چین عرب اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک کے ساتھ چین کے تعاون کو فروغ دینے کیلئے بحرین کی کوششوں کو سراہتا ہے ، مزید کہا کہ چین بحرین کے ساتھ مل کر چین ۔ عرب اور چین-جی سی سی تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی خاطر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔
شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ چین بحرین کو شنگھائی تعاون تنظیم کا ڈائیلاگ پارٹنر بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہے اور کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر بحرین کے ساتھ رابطے اور تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے تیار ہے۔
سعودی عرب کے ریاض میں چین کے صدر شی جن پھنگ بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ بحرین اور چین کے درمیان انتہائی دوستانہ تعلقات ہیں اور بحرین چین کو ایک اہم اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر دیکھتا ہے ، شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے کہا کہ بحرین کے نوجوان چین سے محبت کرتے ہیں، چین کی طرف متوجہ ہیں اور انہیں یقین ہے کہ چین مستقبل کیلئے کھڑا ہے۔
شاہ حمد نے کہا کہ بحرین اور چین کے درمیان تعاون کی کوئی حد نہیں ہے، مزید کہا کہ بحرین چین کے ساتھ معیشت، تجارت، بنیادی ڈھانچے اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں مزید تعاون کا منتظر ہے تاکہ ان شعبوں میں مزید پیش رفت کی جا سکے۔
اس ملاقات میں ڈنگ شوۓ شیانگ ، وانگ یی اور ہی لی فینگ و دیگر بھی موجود تھے۔