بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے ملک کے جنوبی علاقے میں آنے والے طاقت ور طوفان یاگی کے بعد قدرتی آفات سے بچاؤ کی کوششوں میں تیزی لانے پر زور دیا ہے۔
رواں سال آنیوالا گیارہواں سمندری طوفان 'یاگی' جمعے کے روز ہائی نان اور گوانگ ڈونگ صوبوں سے ٹکرایا تھاجس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور 95 زخمی ہو ئے۔
صدر شی جن پھنگ جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین بھی ہیں نے لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوششوں کی ہدایت کی۔
انہوں نے فعال امدادی کوششیں کرنے، متاثرہ افراد کی منتقلی اور آبادکاری یقینی بنانے ، ثانوی آفات کی روک تھام اور ہلاکتوں کو کم سے کم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرنے پر زور دیا۔
شی جن پھنگ نے نقل و حمل، بجلی اور مواصلاتی نظام سمیت تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی فوری مرمت پر بھی زور دیا اور قدرتی آفات کے بعد زندگی کے معمول کے نظم و ضبط کو جلد از جلد بحال کرنے اور فعال تعمیر نویقینی بنانے کی ہدایت کی ۔
سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نے بھی طوفان کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھنے اور تباہی کو روکنے کیلئے مختلف حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل درآمد کی کوششوں پر زور دیا۔