بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے فلسطین ۔ اسرائیل تنازع پر برکس کے غیر معمولی ورچوئل سربراہ اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ فریقین کو دشمنی ختم کرتے ہوئے فوری طور پر جنگ بندی کرنی چاہئے۔
انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے خلاف تمام تشدد اور حملے بند کریں، یرغمال بنائے گئے شہریوں کو رہا کریں اور مزید جانوں کا ضیاع روکنے اور لوگوں کو مزید مشکلات سے بچانے کے لیے اقدامات کریں۔
چینی صدر نے کہا کہ انسانی راہداریوں کو محفوظ اور بلا روک ٹوک کھلا رکھا جائے اور غزہ کی آبادی کو مزید انسانی امداد مہیا کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اس تنازع کو پھیلنے اور مجموعی طور پر مشرق وسطیٰ میں استحکام کو خطرے سے دوچار ہونے سے روکنے کے لئے عملی اقدامات کرے۔
چینی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین ۔ اسرائیل تنازع کا واحد اور قابل عمل راستہ 2 ریاستی حل کے ساتھ فلسطین کے جائز قومی حقوق کی بحالی اور فلسطین کی ایک آزاد ریاست کا قیام ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین ایک عالمی امن کانفرنس کے جلد انعقاد کا مطالبہ کرتا ہے جو قیام امن کے لئے عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے اور مسئلہ فلسطین کے جلد حل بارے کام کے لئے زیادہ مستند ، جامع ، منصفانہ اور پائیدار ہو۔
چینی صدر نے کہا کہ برکس کی توسیع کے بعد یہ پہلا سربراہی اجلاس ہے۔ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے یہ بہت بروقت اور بہت اہم ہے کہ ہم فلسطین۔ اسرائیل تنازع پر انصاف اور امن کے لئے ملاقات اور بات چیت کریں۔