بنکاک(شِنہوا) تھائی لینڈ میں چین کے سفیر ہان ژی چھیانگ نے کہا ہے صدر شی جن پھنگ کا تھائی لینڈ کا دورہ دوطرفہ تعلقات کی رہنمائی اورانہیں فروغ دینے میں سنگ میل کی اہمیت کا حامل ہے۔
چینی صدرجمعرات سے ہفتہ تک، تھائی لینڈ کے دارالحکومت میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پیک) کے رہنماؤں کے 29ویں اجلاس میں شرکت اور تھائی وزیر اعظم پرایوت چان اوچا کی دعوت پر تھائی لینڈ کا دورہ کریں گے۔
ہان نے چین اور تھائی میڈیا کے دئے گئے ایک مشترکہ انٹرویو میں کہا کہ نئے تاریخی حالات میں چین اور تھائی لینڈ کے پاس تعلقات کو بے مثال ترقی دینےکے وسیع امکانات موجود ہیں۔
چینی سفیر کے خیال میں صدر شی، تھائی رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور دوطرفہ تعلقات کی طویل مدتی ترقی کی رفتار کو تیز کرتے ہوئے اس دورے کو دوطرفہ تعلقات کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل بنائیں گے۔
تھائی لینڈ کے صوبہ ناکھون رتچاسیما میں چین-تھائی لینڈ ریلوے کے ایک تعمیراتی مقام کودیکھا جاسکتا ہے۔(شِنہوا)
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دونوں ممالک کے عوام میں دوستانہ تبادلوں کی ایک طویل تاریخ ہے، انہوں نے کہا کہ کوویڈ-19 کی وبا کے بعد سے، دونوں ممالک نے اس سے نمٹنے اور اقتصادی بحالی میں پیش رفت کے لیے مل کر کام کیا ہے، جس سے تعلقات کا ایک نیا باب تحریر ہوا، جس میں چین اور تھائی لینڈ ہر دکھ سکھ کی گھڑی میں ایک ساتھ کھڑے رہے۔
اس سال چین-تھائی لینڈ سفارتی تعلقات کی 47ویں سالگرہ اور چین-تھائی لینڈ جامع تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کی 10ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
سفیر نے کہا کہ چین تھائی لینڈ کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار، زرعی مصنوعات کی سب سے بڑی برآمدی منڈی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔