• Dublin, United States
  • |
  • May, 18th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چینی صدر کے نمائندہ خصوصی کا سی پیک کی ترقی بہتر بنانے پر زورتازترین

August 01, 2023

اسلام آباد (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ کے نمائندہ خصوصی اور چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی ترقی پر زور دیا ہے تاکہ نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ قریبی چین پاکستان برادری کو فروغ دیا جا سکے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں سی پیک کی ایک دہائی کی تقریبات میں شرکت کے دوران کہی جس میں انہوں نے صدر شی جن پھنگ کا تہنیتی خط پڑھا اور تقریر کی۔

ہی نے کہا کہ چینی صدر نے اپنے تہنیتی خط میں سی پیک کی تعمیر کی مثبت کامیابیوں اور عظیم اہمیت کو مکمل طور پر تسلیم کیا جس نے راہداری کی ترقی کے ساتھ ساتھ چین ۔ پاکستان کے درمیان عملی تعاون میں اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کی۔

نمائندہ خصوصی نے کہا کہ گزشتہ 10 برس کے دوران سی پیک کی تعمیر شاہراہ ریشم کے جذبے پر کاربند رہی ہے اور اس کے نتیجہ خیز، باہمی مفید اور باہمی فائدہ مند نتائج برآمد ہوئے ہیں جس سے بیلٹ اینڈ روڈ کی مشترکہ تعمیر کے کامیاب عمل کا مظاہرہ ہوا۔

انہوں نے چینی صدر کے تہنیتی خط کی روح پر سنجیدگی سے عملدرآمد، سی پیک کا اپ گریڈ ورژن تیار کرنے اور مشترکہ طور پر ترقی ، روزگار بڑھانے ، اختراع ، سبز اور کھلی راہداری کی تعمیر پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں پاک چین تعلقات اور سی پیک کو انتہائی اہمیت دینے اور پاکستان کے لئے چینی حکومت اور عوام کے تعاون پر صدر شی کی تعریف کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک کی تعمیر کی قابل ذکر کامیابیوں نے پاکستان کے معاشی اور سماجی منظر نامے کو گہرائی سے تبدیل کیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان چین کے ترقیاتی تجربے سے سیکھنے، چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے ،خود انحصاری اور استحکام کی راہ پر گامزن ہونے کا خواہشمند ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو بہتر فائدہ پہنچے۔

صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف اور  چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے پیر کو ہی سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھی۔

فریقین نے دیگر امور کے علاوہ روایتی دوستی کو گہرا کرنے اور عملی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا۔