بیجنگ(شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ اور لکسمبرگ کے گرینڈ ڈیوک ہنری نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا ہے۔
صدرشی نے بدھ کو گرینڈ ڈیوک ہنری کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ 50 سالوں میں، چین اورلکسمبرگ نے باہمی احترام اور اعتماد کو برقرار رکھا ہے، دوستانہ تعلقات اور بڑے اور چھوٹے ممالک کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تعاون کی مثال قائم کی ہے۔ چینی صدر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کے مفید نتائج برآمد ہوئے اور ژینگ ژو-لکسمبرگ "ایئر سلک روڈ" نے چین اور یورپ کے درمیان باہمی رابطوں کے لیے ایک پل کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ-19 کی وبا پھوٹنے کے بعد سے، دونوں ممالک نے وبا کا مقابلہ کرنے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا اور ان کی دوستی میں نئی جہتیں شامل ہوئیں۔
چینی صدر نے کہا کہ وہ دوطرفہ تعلقات کی ترقی کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور سفارتی تعلقات کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر گرینڈ ڈیوک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں مسلسل اور ٹھوس ترقی کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔