چینی وزیرخارجہ کی یوکرائن پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکتتازترین
September 24, 2022
اقوام متحدہ(شِنہوا)چین کے ریاستی کونسلر اور وزیرخارجہ وانگ یی نے نیویارک میں اقوام متحدہ(یو این) ہیڈکوارٹرز میں یوکرائن کے مسئلہ پر یو این سلامتی کونسل کے وزرائےخارجہ اجلاس میں شرکت کی۔
وانگ یی نے یوکرائن کے معاملے پر چین کے موقف کو مستقل اور واضح قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حفاظت کی جانی چاہیے، اقوام متحدہ کے چارٹرکے مقاصد اور اصولوں کو برقرار رکھا جانا چاہیے، تمام فریقوں کے جائز سلامتی خدشات پر سنجیدگی اختیار کرتے ہوئے بحران کے پرامن حل کیلئے سازگار تمام کوششوں کی حمایت کی جانی چاہیے۔
وانگ یی نے کہا کہ موجودہ صورتحال پر چین نے ایک چار نکاتی تجویزپیش کی ہے۔
وانگ یی نے کہا کہ سب سے پہلے بات چیت اور مذاکرات کو فروغ دینے کی سمت کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ یہ ضروری ہے کہ متعلقہ فریق جلد از جلد مذاکرات دوبارہ شروع کریں، جائز خدشات کو مذاکرات میں ضم کریں اور قابل عمل تجاویز کو مذاکرات کی میز تک لائیں تاکہ امن کیلئے مثبت نتائج برآمد ہوں۔
وانگ نے کہا کہ کشیدگی کو کم کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جانی چاہئیں۔ تمام متعلقہ فریقوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور تصادم کو بڑھانے والے الفاظ اور اقدامات سے گریزکرنا چاہیے ، مزید کہا کہ عالمی برادری کو صورتحال میں کشیدگی کم کرنے میں مدد کیلئے تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔
وانگ یی نے کہا کہ جہاں تک جوہری تنصیبات کی حفاظت کا تعلق ہے اس میں آزمائش اور غلطی کی کوئی گنجائش نہیں اور حادثات کے کسی بھی خطرے سے گریز کیا جانا چاہیے۔
وانگ نے کہا کہ انسانی بحران کی شدت کو کم کیا جانا چاہیے ، شہری ہلاکتوں کو کم سے کم کرنے کیلئے بین الاقوامی انسانی قانون پر عمل کیا جائے۔