• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 27th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چینی وزیراعظم کی منگولین صدر سے ملاقات،دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاقتازترین

November 28, 2022

بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیراعظم لی کھ چھیانگ نے بیجنگ کے دورہ پر آنیوالے منگولین صدر ارخنا خورلسخ سے ملاقات کی۔ پیر کے روز ہونیوالی ملاقات میں دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔

لی کھ چھیانگ نے کہا کہ چین اور منگولیا دوست ہمسایہ ممالک ہیں جو دوستانہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے منفرد حالات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور انہیں بہت سے پہلوؤں میں الگ الگ تکمیلی فوائد حاصل ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ چین نے ہمیشہ منگولیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت اور ہمسایہ ممالک سے سفارتکاری میں دوطرفہ تعلقات کوایک اہم مقام دیا ہے۔

لی کھ چھیانگ نے کہا کہ چین منگولیا کے ساتھ قریبی اعلیٰ سطحی تبادلوں کو برقرار رکھنے، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات کا احترام کرنے، ترقیاتی حکمت عملیوں میں ہم آہنگی کو مضبوط بنانے، مختلف شعبوں میں باہمی مفاد کے حامل تعاون کو گہرا کرنے ، علاقائی اور بین الاقوامی امور میں رابطوں و ہم آہنگی کو بڑھانے اور مشترکہ طور پر چین ۔ منگولیا تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کہ چین ۔ منگولیا تعاون نہ صرف علاقائی استحکام اور ترقی کیلئے سازگار بلکہ عالمی امن کیلئے بھی معاون ہے۔

 چین منگولیا کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعاون کو بہتر بنانے، انفراسٹرکچر کی تعمیر، کوئلے اور توانائی کے دیگر ذرائع میں پیش رفت پر تعاون کو مضبوط بنانے اور مشترکہ طور پر توانائی کے تحفظ اور مستحکم سپلائی کے تحفظ کیلئے تیار ہے۔

لی کھ چھیانگ نے مزید کہا کہ چین سرحدی راہداری اور ریلوے رابطوں کے حوالے سے تعاون کو فعال طور پر فروغ دے گا اور امید کرتا ہے کہ دونوں ممالک صحرائی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے تعاون کو مستحکم کرینگے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی کوشش کرینگے۔

اوخنا خورلسخ نے کہا کہ منگولیا اور چین اچھے پڑوسی، اچھے دوست اور اچھے شراکت دار ہیں۔ منگولیا چین کے ساتھ طویل المدتی، مستحکم، اچھے ہمسایہ کے طور پر دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے اور دونوں ممالک کی ترقیاتی حکمت عملیوں میں ہم آہنگی کو بڑھانے اور دو طرفہ تجارت کو اپ گریڈ کرنے کی خاطر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔

خورلسخ نے کہا کہ منگولیا بنیادی ڈھانچے، توانائی اور صحرا کی روک تھام اور کنٹرول کے بارے میں تعاون کو گہرا کرنے ، لاجسٹکس اور نقل و حمل کی سہولیات ، سرحدی بندرگاہوں پر کسٹم کلیئرنس کو بہتر بنانے اور منگولیا - چین جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو ایک نئی بلندی تک پہنچانے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے کی خاطر چین کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہے۔