بیجنگ(شِنہوا) چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نے بیجنگ میں فرانس کی وزیر برائے یورپ وخارجہ امور کیتھرین کولونا سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران لی نے کہا کہ دونوں سربراہان مملکت کی تزویراتی رہنمائی میں چین اور فرانس کے درمیان تعلقات مستحکم ترقی کررہےہیں۔
وزیراعظم لی نے کہا کہ ان کا ملک فرانس کے ساتھ مل کر دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے اور اگلے سال فرانس اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کے موقع سے فائدہ اٹھا کر مزید مستحکم اور متحرک چین فرانس تعلقات استوار کرنے کا خواہاں ہے۔
چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کہ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے چین اور فرانس نے ہمیشہ ایک دوسرے کا احترام اور ایک دوسرے کے ساتھ مساوی برتاو کیا ہے جو دوطرفہ تعلقات میں ایک قیمتی اثاثہ ہے۔
لی نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ باہمی احترام اور اعتماد کو برقرار رکھتے ہوئے ، باہمی اور یکساں مفاد کے لیے مل کر کام کریں، اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو مضبوط اور ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع تزویراتی شراکت داری پر عمل درآمد جاری رکھیں۔