• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 13th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چینی وزیراعظم کا پاکستان اور چین کے ما بین بیلٹ اینڈ روڈ تعاون مضبوط بنانے پر زورتازترین

June 26, 2023

پیرس (شِنہوا) چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نے کہا ہے کہ چین بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی تعمیر کو مشترکہ طور پر فروغ دینے کے لئے پاکستان کے ساتھ تعاون مستحکم کرنے کو تیار ہے۔

نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے سربراہ اجلاس کے موقع پر پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات میں لی نے فریقین پر زور دیا کہ وہ چین ۔ پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت بڑے منصوبے مشترکہ طور پر آگے بڑھائیں تاکہ راہداری کی اعلیٰ معیار کی ترقی فروغ پاسکے اور دونوں ممالک کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں بہتر کردار ادا کرسکے۔

لی نے کہا کہ چین اور پاکستان نے ہمیشہ ایک دوسرے سے خلوص نیت کے ساتھ برتاؤ کرتے ہوئے ایک دوسرے پراعتماد کیا ہے۔ چین پاکستان کی خودمختاری، قومی آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ، قومی حالات کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن ہونے اور استحکام، ترقی اور خوشحالی کے حصول میں پاکستان سے بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ  چین اور پاکستان کے درمیان ہرقسم کے حالات میں اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے فروغ اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین ۔ پاکستان معاشرے کے قیام میں چین پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنے کو تیار ہے۔

لی نے نشاندہی کی کہ رواں سال چینی صدر شی جن پھنگ کے تجویز کردہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور سی پیک کے آغاز کی 10 ویں سالگرہ ہے۔

لی نے کہا کہ چین ہمیشہ کی طرح پاکستان کی معاشی ترقی تیز کرنے اور پائیدار ترقی کی صلاحیت بڑھانے میں تعاون کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین پرامید ہے کہ پاکستان ہر قسم کے اندرونی دہشت گرد گروہوں کے خلاف سخت اور مئوثر انداز میں کریک ڈاؤن کرے گا اور پاکستان میں چینی اداروں اور اہلکاروں کی حفاظت یقینی بنائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فریقین کو مشترکہ طور پر عالمی شفافیت اور انصاف کو برقرار رکھنا ، چین اور پاکستان کے ساتھ ساتھ دیگر ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مفادات کا تحفظ کرنا چاہئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین ہمیشہ دوست اور آہنی بھائی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اٹوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان۔  چین دوستی مستحکم کرنے کے لئے پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں اور زندگی کے تمام شعبوں کا اتفاق رائے موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نوول کرونا وائرس وبا کے خاتمے اور معاشی ترقی میں پاکستان کی کوششوں میں زبردست تعاون پر چین کو سراہتا ہے۔ پاکستان ایک چین اصول پر عمل پیرا ہےاور قومی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ پر چین کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے فروغ اور مختلف شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو گہرا کرنے میں چین کے ساتھ ملکر کام کرنے کا خواہشمند ہے۔ پاکستان ملک میں چینی اہلکاروں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہرممکن کوشش کرے گا۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان چین کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے اور اسے دبانے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کرتا ہے اور کثیر الجہتی امور میں ایک دوسرے کی باہمی حمایت کے لئے چین کے ساتھ ہے۔