بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیراعظم لی کھ چھیانگ نے علاقائی اور عالمی صنعت اور سپلائی چین کے استحکام اور ہموار بہاؤ کو برقرار رکھنے کیلئے چین اور جنوبی کوریا سے مشترکہ کوششیں کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
لی کھ چھیانگ نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز چین ۔ جنوبی کوریا کے کاروباری افراد اور سابق اعلیٰ سطحی عہدیداروں کے تیسرے ڈائیلاگ سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کچھ وقت پہلے ہی دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ کا جشن منائے جانے کا ذکر کرتے ہوئے لی کھ چھیانگ نے کہا کہ چین اور جنوبی کوریا لازم و ملزوم شراکت دار ہیں۔
لی کھ چھیانگ نے کہا کہ چین جنوبی کوریا کے ساتھ اچھے ہمسایوں جیسی دوستی، باہمی احترام اور مساوی سلوک کو برقرار رکھنے اور دوطرفہ تعلقات کی مضبوط و مستحکم ترقی کو فروغ دیتے ہوئے ان کی تکمیلی طاقتوں کا فائدہ اٹھانے اور ہائی ٹیک مینوفیکچرنگ ، گرین اکانومی ، بگ ڈیٹا جیسے شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کیلئے تیار ہے۔
لی نے مزید کہا کہ دونوں فریقوں کو چین ۔ جنوبی کوریا آزاد تجارتی معاہدہ سے متعلق مذاکرات کے دوسرے مرحلے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور مشترکہ طور پر علاقائی اور عالمی صنعت اور سپلائی چین کے استحکام اور ہموار بہاؤ کو برقرار رکھنا چاہیے۔