بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر تجارت نے آسٹریلیا پر زور دیا ہے کہ وہ مشترکہ مفادات کو وسعت دینے کے لئے مشترکہ کوششیں کرے اور دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ مساوات اور باہمی فائدے کی بنیاد پر ایک دوسرے کے خدشات کو دور کریں۔
چین کے وزیر تجارت وانگ وینٹاؤ نے یہ بات بیجنگ میں آسٹریلیا کے وزیر تجارت ڈان فیرل کے ساتھ 16 ویں چین ۔آسٹریلیا مشترکہ وزارتی اقتصادی کمیشن کی مشترکہ صدارت کرتے ہوئے کہی۔
وانگ نے بالی میں دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد، اختلافات کو دور کرتے ہوئے مشترکہ بنیاد تلاش کرنے اور عملی تعاون کو آگے بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں معیشتیں انتہائی ہم آہنگ ہیں اور ان کے درمیان مفید اقتصادی اور تجارتی تعاون ہے۔
وانگ نے کہا کہ چین ایک نئے ترقیاتی نمونے کے قیام میں تیزی لائے گا اور اعلیٰ سطح کے کھلے پن کو فروغ دے گا جس سے آسٹریلیا سمیت دنیا بھر کے ممالک کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین تعاون کے شعبوں کو وسعت دینے کے لئے آسٹریلیا کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے اور اسے امید ہے کہ آسٹریلیا ایک مستحکم کاروباری ماحول فراہم کرے گا اور چینی کمپنیزاور مصنوعات کے ساتھ شفاف اور منصفانہ سلوک کرے گا۔
بیان کے مطابق فیرل نے کہا کہ دونوں فریقین نے حال ہی میں دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو آگے بڑھانے اور ایک دوسرے کے اہم اقتصادی اور تجارتی خدشات سے مناسب طریقے سے نمٹنے میں خاطر خواہ پیشرفت کی ہے۔
فیرل نے مزید کہا کہ آسٹریلیا عالمی تجارتی تنظیم اور ایشیا بحرالکاہل اقتصادی تعاون جیسے کثیر الجہتی اور علاقائی پلیٹ فارمز پر چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
دونوں وزرا نے متعدد امور پر بھی اتفاق کیا جن میں آزاد تجارتی معاہدے کی مشترکہ کمیٹی کی بحالی، گرین اور کم کاربن تعاون کو مضبوط بنانا اور ڈیجیٹل تجارت اور ای کامرس کے شعبوں میں دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان تعاون کی حمایت شامل ہے۔