وین تیانے(شِنہوا) چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے فلپائن کو امریکی انٹرمیڈیٹ میزائل سسٹم کی تنصیب سے خبردار کیاہے۔ وزیر خارجہ وانگ یی نے گزشتہ روز لاوس کے دارالحکومت وین تیانے میں فلپائنی سیکرٹری خارجہ اینریک منالو سے ملاقات میں کہا کہ چین اور فلپائن سمندر پار قریبی پڑوسی ملک ہیں اور اچھی ہمسائیگی، باہمی مفاد پرمبنی تعاون اور مشترکہ ترقی دونوں ممالک کے بنیادی مفادات میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دوطرفہ تعلقات کے مثبت اور منفی پہلووں سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ اچھے تعلقات استوار کرنا مشکل لیکن انہیں خراب کرنا آسان ہے۔ وانگ نے کہا کہ اس وقت چین اور فلپائن کے تعلقات کو شدید مشکلات اور چیلنجز کا سامنا ہے جس کی بنیادی وجہ فلپائن کی جانب سے باہمی اتفاق رائے اور اپنے وعدوں کی متعدد بار کی گئی خلاف ورزی ہے، اس کی جانب سے سمندری حقوق کی مسلسل خلاف ورزی اور رائے عامہ کی قیاس آرائیوں کو ہوا دی گئی۔ چین کو اس پر شدید تشویش ہے اور وہ اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلپائن کی جانب سے امریکی انٹرمیڈیٹ میزائل سسٹم متعارف کرائے جانے کی صورت میں علاقائی کشیدگی اور تصادم پیدا ہوگا، اس سے ہتھیاروں کی دوڑ شروع ہو جائے گی، جو فلپائنی عوام کے مفادات اور خواہشات کے بالکل مطابق نہیں ہے۔