بیجنگ (شِنہوا) چینی وزیر خارجہ چھن گانگ نے ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو (ڈی آر سی) کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کرسٹوفر لوتن دولا سے ملاقات کی ہے۔
چھن نے واضح کیا کہ چین اور ڈی آر سی اچھے دوست اور بھائی ہیں جو دیرینہ دوستی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ چین صدر فیلکس انٹوئن شیسیکیڈی شیلومبو کے آئندہ دورہ چین کا گرمجوشی سے خیر مقدم کرتا ہے اور توقع کرتا ہے کہ دونوں سربراہان مملکت اگلے مرحلے میں اعلیٰ سطح کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے چین۔ڈی آر سی تعلقات کی ترقی کے لئے اسٹریٹجک سمت متعین کریں گے۔
چھن نے نشاندہی کی کہ چین لگاتارمتعدد برس سے ڈی آر سی کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سرمایہ کاری کا ذریعہ رہا ہے۔ چین، ڈی آر سی کے ساتھ مل کر کام کرنا جاری رکھے گا تاکہ اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کی تعمیر کو آگے بڑھایا جا سکے۔ چین۔افریقہ تعاون سے متعلق فورم کے فریم ورک کے تحت طے پانے والے اتفاق رائے کو نافذ کیا جائے جس کے تحت مشتر کہ جیت کا حصول ممکن ہو۔
چھن نے کہا کہ چین ڈی آر سی کی اقتصادی ترقی کے لئے وسائل پر مبنی فوائد کو بروئے کار لانے میں مدد کرنے کا خواہش مند ہے اور امید کرتا ہے کہ ڈی آر سی ایک مستحکم کاروباری ماحول پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ چینی سرمایہ کاروں کے لئے سیکورٹی کی یقین دہانی فراہم کر سکتا ہے۔
چھن نے کہا کہ دونوں فریقین کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ اور دیگر کثیر الجہتی بارے مواقع پر یکجہتی اور ہم آہنگی کو مضبوط بنائیں، دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول کی سختی سےحفاظت کریں، ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مفادات کو محفوظ بنائیں اور مشترکہ طور پر شفاف اور مزید منصفانہ بین الاقوامی نظم و نسق اور عالمی گورننس کو فروغ دیں۔
لوتن دولانے برسوں سے ڈی آر سی کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں چین کی اہم معاونت اور قابل قدر حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ ڈی آر سی مضبوطی سے ایک چین کے اصول پر کاربند ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی آر سی ، چین کے ساتھ متعدد شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دے گا اور دونوں ممالک اور لوگوں کو مزید فوائد پہنچانے کے لئے ابلاغ و ہم آہنگی کو مضبوط بنائے گا۔