بیجنگ (شِنہوا)چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے میلوس ووکیوچ کو سربیا کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔
مبارکباد کے پیغام میں وزیراعظم لی نے کہا کہ دونوں ممالک کے سربراہان مملکت کی تزویراتی رہنمائی میں چین اور سربیا کی جامع تزویراتی شراکت داری بہترین سطح پر کام کر رہی ہے۔
چینی وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے معیشت اور تجارت، صنعتی سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں تاریخی تعاون سے کامیابیوں کے حصول کے لیے مل کر کام کیا ہے اور سائنسی وتکنیکی اختراع، ڈیجیٹل معیشت و ماحول دوست منتقلی جیسے نئے شعبوں میں تعاون کومضبوط کرتے ہوئے متعلقہ شعبوں میں ترقی کو فروغ دیا ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچا۔
وزیراعظم لی نے کہا کہ وہ دونوں سربراہان مملکت میں طے پانے والے اتفاق رائے پر بہترین عملدرآمد کرنے،باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مضبوط بنانے اور نئے دور میں دوطرفہ تعلقات کو نئی سطح پر لانے کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں۔