بیجنگ (شِنہوا) چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نے لانکانگ میکونگ ممالک سے مربوط ترقی اور سیکورٹی گورننس تعاون مضبوط بنانے پر زوردیتے ہوئے چین کی طرف سے لنکانگ میکونگ ممالک کی مشترکہ ترقی کے لیے خصوصی طور پر مختص قرض دینے کا اعلان کیاہے۔ وزیر اعظم لی نے ان خیالات کااظہارویڈیولنک کے ذریعے منعقدہ لانکانگ میکونگ کوآپریشن (ایل ایم سی) رہنماؤں کےچوتھے اجلاس سے کیا،لی اور میانمار کے رہنما من آنگ ہلینگ کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے اجلاس میں کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن مانیت، لاؤ کے وزیر اعظم سونیکسے سیفنڈون، تھائی وزیر اعظم سریتھا تھاوسین اورویتنام کے وزیر اعظم فام من چن نے شرکت کی۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ لانکانگ میکونگ تعاون خطے کے چھ ممالک کی طرف سے شروع کردہ ایک ترقی یافتہ اہم اقدام ہے، لی نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ کی تعمیر اور عالمی ترقیاتی اقدام، عالمی سلامتی کے اقدام اورعالمی تہذیبی اقدام پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک مثال قائم کریں۔ وزیر اعظم لی نے لانکانگ میکونگ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے چار تجاویزبھی پیش کیں۔