بیجنگ (شِنہوا) چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نے بیجنگ میں دورے پر آئے ہوئے یونان کے وزیر اعظم کیریاکوس میتسوتاکس سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیر اعظم لی نے کہا کہ 51 سال قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے چین اور یونان نے ہمیشہ ایک دوسرے کا احترام، اعتماد اور حمایت کی ہے۔ حالیہ برسوں میں، دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کے مفید نتائج برآمد ہوئے ، جس سے دونوں ملکوں کے عوام کو مستقل فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔
چینی وزیر اعظم نے کہا کہ ان کا ملک یونان کے ساتھ مل کر باہمی احترام، باہمی اعتماد اور باہمی تعاون کی عمدہ روایت کو آگے بڑھانے، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق مسائل پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھنے، ترقیاتی حکمت عملی کو مزید ہم آہنگ اور مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافے اور جدیدیت کے راستے میں مل کر کوششیں کرنے کا خواہاں ہے۔
وزیر اعظم لی نے کہا کہ چین یونان کے ساتھ اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو جاری رکھتے ہوئے پائریس بندرگاہ کے منصوبے کی بہترین تعمیر اور جہاز رانی کی صنعت میں تعاون کو مزید مضبوط کرے گا اور تجارت، توانائی، ٹیلی کمیونیکیشن، سبز ترقی اور ڈیجیٹل معیشت میں یکساں مفاد پر مبنی تعاون کو وسعت دے گا۔