بیجنگ(شِنہوا) چین کی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ چینی اور فرانسیسی کاروباری اداروں کے ایک اجلاس میں 36 چینی اور فرانسیسی کاروباری اداروں نے مینوفیکچرنگ، ماحول دوست ترقی، نئی توانائی اور اختراع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے 18 معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
وزارت کے ایک عہدیدار یو یوان تانگ نے افتتاحی تقریر میں کہا کہ چین اور فرانس کے درمیان تجارتی حجم گزشتہ پانچ سالوں میں 60 ارب ڈالر سے بڑھ کر 80 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
یو نے کہا کہ 2022 میں چین اور یورپی یونین کے تعاون نے متعدد منفی اثرات پر قابو پایا اور مستحکم ترقی حاصل کی، دوطرفہ تجارت 847 ارب 30 کروڑ ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور چین میں یورپی کمپنیوں کی نئی سرمایہ کاری 70 فیصد بڑھ کر12 ارب 10کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔
بینک آف چائنہ، بی این پی پریباس، چائنہ نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن اور الیکٹرکائٹ ڈی فرانس جیسی کمپنیوں کے نمائندوں نے مشترکہ طور پر عالمی چیلنجوں سے نمٹنے سے لے کر تعاون کو فروغ دینے تک کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا اور چین فرانس اقتصادی اور تجارتی تعلقات کووسعت دینے کے لیے تجاویز پیش کیں۔
انہوں نے چین کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھانے، مستحکم صنعتی اور سپلائی چین کو یقینی بنانے اور جوہری توانائی سے لے کر مالیات اور کھپت تک کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔