بیجنگ (شِنہوا)چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے منگل کو بیجنگ میں دورہ پر آئے بھوٹان کے وزیر خارجہ تانڈی دورجی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سرحدی حد بندی کے عمل کو تیز کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام پر اتفاق کیاگیا۔ ہان نے کہا کہ چین اور بھوٹان دوست پڑوسی ملک ہیں جن کے پہاڑ اور دریا مشترک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک نے ابھی تک سفارتی تعلقات قائم نہیں کیے لیکن طویل عرصے سے دوستانہ تبادلے جاری رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے حالیہ برسوں میں سرحدی امور سے متعلق مذاکرات کی بحالی کے بعد دو طرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کی ہے۔ دوستی کو مضبوط کرنا اور تعاون کو وسعت دینا دونوں ممالک کے بنیادی مفادات اورعوام کی توقعات کے عین مطابق ہیں۔