اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ میں چین کے مندوب نے متعلقہ فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ روس ۔یوکرین تنازعہ کے انسانی مضمرات کو کم کرنے کے لیے اپنی بھرپور کوشش کریں۔
اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب گینگ شوانگ نے سلامتی کونسل کو یوکرین کی صورت حال پر کھلی بریفنگ کے دوران بتایا کہ تمام متعلقہ فریقین کو صورتحال کی کشیدگی کم کرنے اور جلد از جلد عداوت کو ختم کرنے کی کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔
گینگ نے یہ بات واضح کی کہ چین نے یوکرین اوربحران کے پھیلاؤ سے متاثر ہونے والے ترقی پذیر ملکوں کے لئے ہنگامی انسانی امداد کی متعدد کھیپ فراہم کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ تمام متاثرہ افراد کے لیے امداد کی فراہمی کو بڑھائیں، شہری بنیادی ڈھانچے کی مرمت اور بحالی کو تیز کرنا چاہیے اور لوگوں کی زندگیوں پر تنازعات کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے بنیادی اصولوں پر سنجیدگی سےعمل درآمد کیا جانا چاہیے۔کسی بھی صورت حال میں شہریوں کا تحفظ سب سے مقدم ہونا چاہیے۔
گینگ نے مزید کہا کہ تنازع کے تمام فریقین کو معقول رویہ اپنانا چاہیے اور زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے جبکہ حادثات کے خطرے کو کم کرنے کے لیے ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو کہ جوہری تنصیبات کی حفاظت اور سلامتی کو خطرے میں ڈالتے ہوں۔