• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 29th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چینی کمپنی کا سوڈان میں الیکٹریکل سب اسٹیشن تعمیر کر نے کا اعلانتازترین

December 26, 2022

خرطوم (شِنہوا)چائنہ ایکس ڈی گروپ نے سوڈانی حکومت کے ساتھ ایک معاہدے پردستخط کیے ہیں جس کے تحت سوڈان کی مغربی ریاست کوردوفان کے دارالحکومت الفولا میں ایک الیکٹریکل سب اسٹیشن کی تعمیر کی جائے گی تاکہ ریاست کے شہروں کو قومی پاور گرڈ سے منسلک کیا جا سکے۔

سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں ہونے والی دستخط کی اس تقریب میں سوڈان کے وزیر خزانہ جبر یل ابراہیم، سوڈان میں چینی سفارت خانے کے نمائندوں اورمغربی کوردوفان ریاست کے حکام نے شرکت کی۔

ابراہیم نے تقریب میں اظہار خیال کے دوران سوڈان کے چین کے ساتھ تعاون کا ذکر کرتے ہوئے اس کو فا ئدہ مند  قرار دیا ۔ 

انہوں نے کہا کہ ریاض میں حال ہی میں ہونے والے چین اورعرب ریاستوں کے سربراہی اجلاس میں چین نے سوڈان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کا وعدہ کیا تھا۔

 انہوں نے کہا  ہمیں امید ہے کہ یہ تعلقات ہمیں ملک کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے اور مختلف شعبوں میں ترقی حاصل کرنے میں مدد فراہم کر یں گے۔

سوڈان میں چینی سفارت خانے کے تجارتی  قونصلر گو ہو نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے  سوڈان میں سرمایہ کاری کے لیے چینی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھنے کا عزم  کیا۔

شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ کے لیے چائنہ ایکس ڈی گروپ کے جنرل منیجر ژانگ یان وین نے کہا کہ سوڈان میں ان کی کمپنی کی جانب  سے شروع کیا جانے والا یہ منصوبہ مقامی لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور خطے کی معیشت، ترقی اور تعاون کو بڑھانے میں مدد  فراہم  کرے گا۔

یہ منصوبہ 6 ماہ میں مکمل کیا جائے گا جس پر94 لاکھ امریکی ڈالر لاگت آئے گی۔

الفولا سب اسٹیشن سوڈان میں بجلی کی پیداوار بڑھانے والے اسٹریٹجک منصوبوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ اس منصوبے سے 450 میگا واٹ بجلی پیدا  ہوگی اور اس سے  جنوب مغربی سوڈان میں مغربی کوردوفان ریاست کے بڑے علاقوں کے لیے بجلی فراہم کرنے کی توقع ہے۔