کراچی (شِںہوا) چین کی جدید لاجسٹک ٹیکنالوجی سے آراستہ پاکستان کے پہلے خودکار اسمارٹ ڈسٹری بیوشن سینٹر نے مکمل طور پر کام شروع کردیا۔
کراچی میں واقع یہ ڈسٹری بیوشن سینٹر خودکار اسمبلی لائن اور اسمارٹ ڈسٹری بیوشن سیٹ اپ جیسی جدید اسمارٹ ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے۔
مرکز 50 ہزار مربع میٹرز پر پھیلا ہے اور یومیہ 4 لاکھ 28 ہزار 400 آرڈرز نمٹانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
دراز کے مطابق اس نے یہ مرکز چین کی معروف لاجسٹکس کمپنی چھائی نیاؤ نیٹ ورک کے ساتھ ملکر تعمیر کیا ہے۔ یہ جنوبی ایشیا کا پہلا اسمارٹ ڈسٹری بیوشن سینٹر ہے اور خطے میں تکنیکی طور پر جدید ترین لاجسٹک مراکز میں سے ایک ہوگا۔
دراز پاکستان کے چیف آپریٹنگ آفیسر احمد تنویر نے بتایا کہ یہ اسمارٹ ڈسٹری بیوشن سینٹرز دراز کی چھانٹی کی صلاحیت میں 4 گنا سے زائد اضافہ کریں گے اور اس سے انسانی غلطی کی گنجائش 90 فیصد تک گھٹ جائے گی۔ یہ ہمارے پورے کاروبار کو فائدہ دیں گے اور اس سے صارفین بہتر طور استفادہ کرسکیں گے۔
دراز کے مطابق لاہور میں اسمارٹ ڈسٹری بیوشن سینٹر آمدہ ہفتوں میں مکمل طور پر فعال ہوجائےگا اور دونوں سینٹرز مل کر یومیہ 10 لاکھ پیکجز نمٹا سکیں گے۔
چھائی نیاؤ ٹیکنالوجی کے جنرل منیجر ڈینگ ہونگ وی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری پر ہمارا بہت زیادہ بھروسہ ، اس کی نمایاں نمو اور ڈیجیٹل شعبے میں اعلی صلاحیت ، بنیادی ڈھانچے اور پالیسی کو مقامی حکومت کی بھرپور تائید کی وجہ سے ہے۔