بیجنگ (شِنہوا) چین کی اشیا کی غیرملکی تجارت گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران 10.1فیصد بڑھ کر 273 کھرب یوآن (تقریباً 39 کھرب50 ارب امریکی ڈالرز)تک پہنچ گئی ہے۔
کسٹمز کی عمومی انتظامیہ کے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ان میں سے برآمدات گزشتہ سال کی نسبت بڑھ کر 154 کھرب 80 ارب یوآن تک پہنچ گئی جبکہ درآمدات گزشتہ سال کے مقابلے میں5.2 فیصد اضافے کے ساتھ 118 کھرب 20 ارب یوآن ہوگئی ہیں۔
چین کے تین سرکردہ تجارتی شراکت داروں، جنوب مشرقی ایشیائی ملکوں کی ایسوسی ایشن ، یورپی یونین اور امریکہ کے ساتھ تجارت میں جنوری تا اگست کے عرصہ کے دوران بالترتیب 14 فیصد ، 9.5 فیصد اور 10.1 فیصداضافہ ہوا۔
اس عرصہ کے دوران بیلٹ اینڈ روڈ ملکوں کے ساتھ چین کی تجارت 20.2 فیصد بڑھ کر 87 کھرب 70 ارب یوآن تک پہنچ گئی ہے ۔
ان برآمدات میں سے مکینکل اور الیکٹریکل مصنوعات کا مجموعی حصہ 56.5 فیصد ہے جس میں 9.8 فیصد اضافہ ہوا جبکہ محنت کشوں کی تیار کردہ مصنوعات میں ایک سال پہلے کے مقابلے میں14.1فیصد اضافہ ہوا۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں نجی کاروباری اداروں کی درآمدات وبرآمدات پہلے 8 ماہ کے دوران 14.9 فیصد بڑھ کر 136 کھرب 80 ارب یوآن تھیں جو کہ ملک کی مجموعی درآمدات وبرآمدات کے 50.1 فیصد بنتے ہیں ۔
اس عرصہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری سے چلنے والے اداروں کا تجارتی حجم 2.4 فیصد بڑھ گیا ہے اور سرکاری ملکیتی اداروں کے تجارتی حجم میں 15.1 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔