نان ننگ (شِنہوا) چینی اور آسٹریلوی کمپنیوں کے درمیان مجموعی طور پر 10.3 ارب یوآن (تقریباً 1.5 ارب امریکی ڈالرز) مالیت کے 11 تجارتی اور تعاون منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
چائنہ کونسل فار دی پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ گوانگ شی کمیٹی کے مطابق ان منصوبوں میں وسائل، خوراک اور ادویات جیسے شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
ان معاہدوں پر علاقائی جامع اقتصادی شراکت داری تجارتی و سرمایہ کاری میلے کے دوران دستخط ہوئے جو آسٹریلیا اور چین کے جنوبی گوانگ شی ژوآنگ خوداختیار خطے دونوں میں منعقد ہوا تھا جس کا مقصد چین - آسٹریلیا تجارت و سرمایہ کاری کا فروغ تھا۔
چین اور آسٹریلیا دونوں علاقائی جامع اقتصادی شراکت داری کے رکن ہیں۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا آزاد تجارتی معاہدہ ہے جس میں جنوب مشرقی ایشیائی اقوام کی تنظیم آسیان کے 10 ممالک کے ساتھ جاپان ، جنوبی کوریا اور نیوزی لینڈ بھی شامل ہیں۔ یہ معاہدہ یکم جنوری 2022 کو نافذ ہوا تھا۔
گوانگ شی علاقائی حکومت کی نائب سربراہ سوئی گوہوا نے بتایا کہ گوانگ شی علاقائی جامع اقتصادی شراکت داری ارکان کے ساتھ تعاون کو گہرا کرنے میں اپنے منفرد مقام کو استعمال کررہا ہے۔
انہوں نے گوانگ شی اور آسٹریلیا پر زور دیا کہ وہ باہمی فائدہ مند تعاون کو گہرا کریں اور علاقائی جامع اقتصادی شراکت داری ارکان کے ذریعے آنے والے کاروباری مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔