قاہرہ (شِنہوا) چین کی الیکٹرانکس مصنوعات بنانے والی ملٹی نیشنل کمپنی ہائی سینس گروپ نے متحدہ عرب امارات کی ایف بی بی ٹیک کمپنی کے ساتھ شراکت داری میں چین- مصر ٹیڈا سوئز اقتصادی و تجارتی تعاون زون میں ایک نئی فیکٹری قائم کے لئے مصر- ٹیڈا سی زون ڈویلپمنٹ کمپنی کے ساتھ اراضی کے حصول کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں مصری وزیر اعظم مصطفی ٰ مدبولی، نہر سویز اقتصادی زون کے چیئرمین ولید جمال الدین اور دیگر سینئر مصری حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر ہائی سینس انٹرنیشنل مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ ریجن کے صدر او یانگ نے کہا کہ اس منصوبے میں یہ فیکٹری 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری سے 13 ایکڑ (تقریبا 5.26 ہیکٹر) رقبے پر تعمیر کی جائے گی۔ توقع ہے کہ یہ 2025 کی دوسری سہ ماہی میں پیداوار شروع کردے گی۔
اویانگ نے کہا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد اعلیٰ معیار کی سالانہ 15 لاکھ اعلیٰ معیار کی اسکرینیں تیار کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر مصنوعات یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کو برآمد کی جائیں گی جس سے مصر کو ہر سال تقریبا 10 کروڑ ڈالر زرمبادلہ کی آمدن ہوگی ۔