اسلام آباد(شِنہوا) جب 20 سالہ کومل نے چند ماہ قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایک سرکاری سماجی بہبود کے ادارے میں داخلہ لیا، تو اسے مقررہ مدت کے اندر ٹیلرنگ کورس سیکھنے کا یقین نہیں تھا۔
ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والی کومل نے شِنہوا کو بتایا کہ جب وہ یہاں آئی تو اس نے سوچا کہ کورسز سیکھنے میں اسے معمول سے زیادہ وقت لگے گا، لیکن یہاں کے انسٹرکٹرز اور دستیاب مواد کی مدد سے، وہ تیزی سے کام سیکھنے میں کامیاب ہوئی اور وہ اب اپنے گاہکوں کے لیے کپڑے سی کر اپنے خاندان کی مالی مدد کررہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ کورسز مکمل کرنے کے بعد اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینا چاہتی ہیں تاکہ خود کو معاشی طور پر مستحکم بنا کر معاشرے کی مدد کرتے ہوئے اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کرسکے۔ آل پاکستان چائنیز انٹرپرائزز ایسوسی ایشن (اے پی سی ای اے) کی جانب سے گزشتہ روز منعقدہ ایک تقریب میں پاکستان بیت المال کو عطیات فراہم کیے گئے جو پاکستان میں غریب اور نادار لوگوں خصوصاً خواتین کی مدد کے لیے قائم کی گئی ایک فلاحی اور سماجی تنظیم ہے۔ پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر سید طارق محمود الحسن نے شِنہوا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک جمعہ کو خواتین کا عالمی دن منا رہے ہیں اور یہ کہ پاکستان خواتین کو بااختیار بنانے، صنفی مساوات اور انصاف کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔