قاہرہ(شِنہوا) مصر کے ماہر ابو بکر الدیب نے کہا ہے کہ چین تیزی سے شہرکاری اور تمام شعبوں میں مربوط ترقی کر رہا ہے جس سے ملک دنیا بھر میں ایک منفرد ترقیاتی ماڈل بن گیا ہے۔
قاہرہ میں قائم عرب سینٹر فار ریسرچ اینڈ اسٹڈیز کے مشیر الدیب حال ہی میں چین کے نتیجہ خیز دورے سے واپس آئے ہیں جس کے دوران انہیں اس عظیم ایشیائی ملک کی معاشی اور سماجی ترقی کو قر یب سے دیکھنے کا موقع ملا۔
مصری ماہر نے شِنہوا کو بتایا کہ جب انہوں نے بیجنگ ہوائی اڈے پر قدم رکھا تو ہر چیز کی مہذب اور بصری ہم آہنگی نے ان کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔
بین الاقوامی تعلقات اور سیاسی معیشت کے ماہر الدیب نے کہا کہ انہوں نے چین کے اپنے حالیہ دورے کے دوران متعدد صوبوں اور شہروں کے ساتھ ساتھ کچھ دیہاتوں کا بھی دورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بیجنگ کی سڑکیں بڑے پیمانے پر شہری ہم آہنگی اور مخلص لوگوں کی خصوصیات کی حامل ہیں۔
ماہر نے کہا کہ انہوں نے شروع میں سوچا تھا کہ یہ شہری اور بصری رابطہ دارالحکومت بیجنگ تک محدود ہے لیکن انہوں نے کئی صوبوں اور شہروں کا دورہ کیا اور ہر جگہ ایسی خوبصورتی دیکھی۔
مصری ماہر نے زراعت، صنعت، فن تعمیر، مواصلات اور توانائی سمیت تمام شعبوں میں چینی ٹیکنالوجی کی نمایاں ترقی کو بھی سراہا۔