• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چین ، تجارتی میلے میں 80 ارب ڈالر سے زائد کے معاہدےتازترین

July 11, 2024

لان ژو (شِنہوا) چین کے شمال مغربی صوبے گان سو میں 30 واں چائنا لان ژو سرمایہ کاری و تجارت میلہ ختم ہوگیا جس میں تقریبا 604 ارب یوآن (تقریبا 84.7 ارب امریکی ڈالر) مالیت کے معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

یہ مالیت گزشتہ سال کے اس تجارتی میلے کی نسبت 7.7 فیصد زائد ہے۔

چائنا لان ژو سرمایہ کاری و تجارت ، بیلٹ اینڈ روڈ اقتصادی و تجارتی تعاون میں ایک اہم تقریب بن چکا ہے۔ لان ژو میں اس کا پہلی بار انعقاد 1993 میں کیا گیا تھا۔

میلے نے گزشتہ برس اندرون اور بیرون ملک سے 1 ہزار 600 سے زائد کاروباری اداروں کو اپنی جانب متوجہ کیا تھا اور رواں سال کے ایڈیشن میں یہ تعداد 2 ہزار 200 سے تجاوز کرگئی۔

بیلاروس کی ایک کاروباری خاتون ماریانا انکیووا نے کہا کہ گزشتہ دہائی میں لان ژو میں بڑی تبدیلیاں آئی ہیں۔ تجارتی میلے نے مختلف ممالک اور خطوں سے بڑی تعداد میں کاروباری اداروں کو اپنی جانب راغب کیا ہے۔ ماریانا نے بیلاروس کے تجارتی وفد کے رکن کی حیثیت سے 2014 میں پہلی بار میلے میں شرکت کی تھی۔

دنیا کے 30 سے زائد ممالک اور خطوں میں دودھ سے بنی مصنوعات میں کام کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنی جے ایس سی "مولوچنی میر" کی منیجر انکیووا نے رواں سال مزید شراکت داروں کی تلاش اور مقامی منڈی میں اپنی موجودگی میں اضافے کے لئے گانسو کا دورہ کیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ گان سو کے لین شیا ہوئی خودمختار پریفیکچر میں ایک ڈیری کمپنی نے ہمیں اپنی فیکٹری کا دورہ کرنے اور تعاون پر بات چیت کی دعوت دی ہے۔

چین، شمال مغربی صوبے گانسو کے شہر لان ژو میں 30 ویں چائنہ لان ژو سرمایہ کاری اور تجارتی میلے کے دوران ایک مہمان مصنوعات کے بارے معلومات حاصل کررہا ہے۔ (شِنہوا)

میلے میں لان ژو بیف نوڈلز جیسی گانسو کی خاص سوغات کو کئی عالمی نمائش کنندگان نے بہت سراہا۔

لان ژو بیف نوڈلز تشہیری تقریب 8 جولائی کو ہوئی جس کے دوران 54 معاہدوں پر دستخط ہوئے جن کی مجموعی مالیت تقریباً 5.77 ارب یوآن تھی جس میں پری پیک اور بیرون ملک فروخت میں تعاون کا احاطہ کیا گیا تھا۔