بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے بیجنگ میں تھائی لینڈ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ڈان پرمودونائی سے ملاقات کی ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ نے اس بات کا ذکر کیا کہ دوطرفہ تعلقات کی ترقی بین الاقوامی صورتحال یا تھائی لینڈ کی داخلی صورتحال میں تبدیلیوں سے متاثر نہیں ہوگی ۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ تھائی لینڈ استحکام اور پائیدار ترقی کو برقرار رکھے گا۔
وانگ نے کہا کہ چین ،تھائی لینڈ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے چین۔تھائی لینڈ ریلوے اور چین۔لاؤس۔تھائی لینڈ ریلوے کنکشن لائنز کی تعمیر میں تیزی لانے اور ٹیلی کام فراڈ سمیت بین الاقوامی مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
انہوں نے آسیان برادری کی تعمیر، آسیان کی مرکزیت کی حمایت اور اقتصادی ترقی کے مرکز کی تعمیر کے لئے مشترکہ کوششوں کی حمایت جاری رکھنے میں چین کی آمادگی کا بھی اظہار کیا۔
وانگ نے کہا کہ چین، آسیان ممالک کے ساتھ مل کر بحیرہ جنوبی چین میں ضابطہ اخلاق پر مشاورت کو تیز کرنے، مئوثر اور ٹھوس علاقائی قوانین کی جلد تشکیل کی کوشش کرنے اور بحیرہ جنوبی چین کو امن، دوستی اور تعاون کے سمندر میں تبدیل کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ علاقائی ممالک کو خطے سے باہر کی قوتوں سے بھی ہوشیار رہنا چاہیے جو کیمپ کی بنیاد پر محاذ آرائی کے لئے اکساتی ہیں اور سرد جنگ کی ذہنیت کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں جو مشکل سے حاصل کردہ امن و استحکام کے لئے نقصان دہ ہے۔
ڈان نے کہا کہ بڑھتی ہوئی بین الاقوامی و علاقائی غیر یقینی موجودہ صورتحال کےپیش نظر تھائی لینڈ، چین کے ساتھ بات چیت اور تبادلوں کو مزید مضبوط بنانے ، مختلف شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو گہرا کرنے ، چین ۔ لاؤس ۔ تھائی لینڈ ریلوے کنکشن کو فروغ دینے اور مشترکہ ترقی کے لئے کام کرنے کا خواہاں ہے۔