بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت برائے شہری امورنے نئے سال اور چینی قمری سال نو کی تعطیلات کے دوران معاشرے کے کمزور طبقات کی روزمرہ بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مقامی شہری امورکے اداروں کو ملک کی بنیادی امدادی پالیسی پر جامع عملدرآمد اور عارضی امداد کے کاموں کو تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزارت نے اس حوالے سے جاری اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ مقامی حکام کو ہنگامی سماجی امدادی کوششوں کو مضبوط بناتے ہوئے وبا کے نتیجے میں بنیادی ضروریات کے حوالے سے عارضی مشکلات کا سامنا کرنے والوں کو مدد فراہم کرنی چاہیے۔ نوٹس میں کوویڈ-19کی سنگین یا نازک صورتحال سے دوچار مریضوں کے لیے امداد کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔
ویکسینیشن اور صحت سے متعلق مشاورت جیسی کثیر سطحی خدمات کی فراہمی کے لیے متعلقہ محکموں سے مربوط کوششوں کا حکم دیتے ہوئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کوویڈ-19 سے بچاؤ کا سامان بشمول ماسک، جراثیم کش سامان اور ہیلتھ کٹس کمزور طبقات کو فراہم کی جائیں۔