• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 24th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چین۔ سلوواکیہ مشترکہ الیکٹرک کار بیٹری پلانٹ میں سلوواکیہ سرمایہ کاری کرے گاتازترین

June 21, 2024

براٹس لاوا (شِنہوا) چین۔ سلوواکیہ مشترکہ الیکٹرک کار بیٹری پلانٹ میں سلوواکیہ کی حکومت 21 کروڑ 40 لاکھ یورو (تقریبا 22 کروڑ 91 لاکھ امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کرے گی۔

سلوواکیہ کی وزارت اقتصادیات کے مطابق سلوواکیہ کی حکومت نے نومبر 2023 میں  جنوبی سلوواکیہ کے علاقے سورانی میں واقع بیٹری فیکٹری کی تعمیر کے لئے گوٹیون انوبیٹ بیٹریز (جی آئی بی) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے تھے۔

جی آئی بی سلوواکیہ کی انوبیٹ کمپنی اور چین کی گوٹن ہائی ٹیک کا ایک مشترکہ منصوبہ ہے جس کا مقصد سلوواکیہ میں بیٹری گیگا فیکٹری تعمیر کرنا ہے۔

وزارت کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پلانٹ کی تعمیر مجموعی طور پر 1.2 ارب یورو (تقریبا 1.28 ارب امریکی ڈالر) کی سرمایہ کی جائے گی۔ یہ سلواکیہ کی تاریخ کی دوسری سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔

سلواکیہ حکومت کی جانب سے مہیا کردہ مجموعی سرمایہ کاری میں 15 کروڑ یورو( 16 کروڑ 5 لاکھ 80 ہزار امریکی ڈالر) سبسڈی کی مد میں جبکہ باقی 6 کروڑ 40 لاکھ  یوروانکم ٹیکس رعایت کی صورت میں مہیا کئے جائیں گے۔

سلوواکیہ کی نائب وزیراعظم اور وزیرمعیشت ڈینیسا ساکو نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری سلوواکیہ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے الیکٹرک نقل وحمل کے شعبے میں ہماری پوزیشن مضبوط ہوگی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ہمارے ملازمین کو پیشہ ورانہ ترقی میں مدد ملے گی۔

بیٹری پلانٹ سے 2027 میں پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے جس سے 1 ہزار 300 سے زائد ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔